بنگلورو، 18/فروری (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے بتا یا کہ شہر میں ٹرافک پر قابو پانے، بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت نے خصوصی توجہ مبذول کی ہے اورشہر کی ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ امرت نگرو تھان اسکیم کے تحت6,500 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں -
جمعرات کو گووند راج نگر اسمبلی حلقہ میں تعمیر کی گئی300بستروں والے بال گنگا دھر ناتھ سوامی جی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کو قوم کے نام منسوب کرنے کے بعد اپنے خطاب میں بومئی نے اس بات کی جانکاری دی-
انہوں نے کہا کہ بنگلور شہر بڑے پیمانے پر ترقی کرنے لگا ہے،شہر کی آبادی اور موٹر گاڑیوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہی ہونے لگا ہے- انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا اورٹرافک پر قابو پانے کے مسئلہ کے درمیان ہی شہر کی ترقی ہو نی چاہئے -انہوں نے بتا یا کہ شہر میں سیلاب کی صورتحال پر قابو پانے 1,800کروڑ روپئے کا فنڈ جاری کیا گیا ہے-
انہوں نے بتا یا کہ وزیر اعلیٰ امرت نگرو تھان اسکیم کے تحت 75جھونپڑ پٹی علاقوں کی ترقی اور75جھیلوں کے تحفظ کے لئے درکار فنڈ جاری کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ برانڈ بنگلور کی شہرت برقرار رکھنے میں ہر ایک کا تعاون رہا ہے،بین الاقوامی سطح پر شہر بنگلور کی شہرت کو مزید اضافہ کرنے حکومت نے اسکیموں کو جاری کیا ہے-اس مو قع پر مرکزی وزیر پر ہلاد جوشی نے کہا کہ بال گنگا دھر ناتھ سوامی نے تعلیم،صحت اور ماحولیات کے میدان میں بہتر خدمات انجام دئے ہیں،جو ہر ایک کے لئے نمونہ ہے-
انہوں نے کہا کہ سوامی جی کے نام سے قائم مذکورہ اسپتال میں غریب افراد کے لئے جدید طبی سہو لیات مہیا ہیں،جس سے استفادہ کرنا چاہئے-اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ وی سومنا نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں گووند راج نگر اسمبلی حلقہ نے سنگ میل پار کیا ہے،ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کو بال گنگا دھر ناتھ سوامی جی کے نام سے منسوب کر تے ہو ئے سوامی جی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے-
انہوں نے کہا کہ غریب اور درمیانی طبقات کے اکثریت والے ان کے حلقہ گووند راج نگر کے عوام کی سہولت کے لئے مذکورہ اسپتال قائم کیا ہے-انہوں نے بتا یا کہ پنتر پالیہ علاقہ میں 200بستروں کا ہائی ٹیک اسپتال کرناٹک رتنا پُنیت راج کمار کے نام سے تعمیر کیا جارہا ہے جس کا اگلے ماہ افتتاح عمل میں لایا جا ئے گا-
تقریب میں آدھی چن چن گری مٹھ کے ڈاکٹر نرملا نند سوامی جی،سدگنگا مٹھ لہ شری سدلنگا سوامی جی سمیت دیگر مٹھوں کے سوامی جی، ریاستی وزراء ڈاکٹر کے سدھاکر،آر اشوک، کے گو پالیا سمیت دیگر حاضر رہے-